دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں کاک پٹ کے اندر خونریز ہنگامہ۔۔۔ پائلٹوں کی لڑائی کے بعد طیارے کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ!فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 نے فضا میں پہلے جنرل ایمرجنسی کوڈ ‘7700’ اور پھر خوفناک ‘7500’ (ہائی جیکنگ) کا سگنل جاری کر دیا۔ اردن سے طیارہ سعودی عرب کی طرف موڑا گیا جہاں لڑاکا طیاروں کے گھیرے میں اسے تبوک ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافر سوار تھے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق واقعہ ہائی جیکنگ کا نہیں بلکہ معاون پائلٹ کی جانب سے کاک پٹ میں طیارہ کریش کرنے کی کوشش اور پائلٹوں کے درمیان پرتشدد جھگڑے کا نتیجہ تھا۔
ہنگامی سگنلز کے بعد اسرائیلی جنگی طیاروں کو بھی الرٹ کیا گیا اور صورتحال پر فوری نظر رکھی گئی۔طیارے نے بالآخر سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی، جبکہ تمام مسافروں کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی گئی۔سعودی حکام کے مطابق کپتان اور معاون پائلٹ زخمی ہوئے اور انہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔فلائی دبئی نے واقعے کو دورانِ پرواز ایک “واقعہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ طیارہ بحفاظت تبوک پہنچا اور تمام مسافر و عملہ محفوظ ہیں۔واقعے کی اصل وجہ اور کاک پٹ میں پیش آنے والے تنازع کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
